ہاکی ٹیم کا ناقص کھیل، سابق اولمپئنز فیڈریشن پر برس پڑے

لاہور: ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سابق اولمپئنز فیڈریشن پر برس پڑے۔ منظور جونیئر کا کہنا ہے کہ قاسم ضیا اورآصف باجوہ اینڈ کمپنی نے قومی کھیل کو تباہ کردیا، پہلے گولڈ میڈل جیتا کرتے تھے اب آخری پوزیشن کا میچ جیت کر خوش ہوجاتے ہیں، سابق گول کیپر منصور احمد نے کہا کہ ناقص حکمت عملی قومی ٹیم کو لے ڈوبی، ہاکی کے فروغ اور بہتری کیلیے سسٹم کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق اولمپئن منظور جونیئر نے ایک انٹرویومیں کہا کہ فیڈریشن عہدیداروں کی نیت ٹھیک نہیں ہے، من پسند لوگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، قاسم ضیا اور آصف باجوہ اینڈ کمپنی نے قومی کھیل کو تباہ کردیا، پیٹرن انچیف ہاکی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف قومی کھیل کو تباہ کرنے والوں کا احتساب کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہاکی کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے کہ کیا ہورہا ہے، ملائیشیا میں ٹیم ہار رہی تھی مگر پاکستان میں فیڈریشن کے عہدیدار اسلام آباد میں متوازی پی او اے کے الیکشن میں مصروف تھے۔انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ جب گرین شرٹس گولڈ میڈل کیلیے لڑتے تھے، سلور یا برانز میڈل جیتنے پر سب کو فکر لاحق ہوجاتی کہ آخری ٹیم نے اچھا پرفارم کیوں نہیں کیا، مگر اب آخری پوزیشن کا میچ جیت کر خوش ہوجاتے ہیں۔ سابق گول کیپر منصور احمد خان نے کہا کہ ملائیشیا میں ہونے والے ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی ہے ، فیڈریشن گزشتہ 4 برس سے تذبذب کاشکار ہے اور ابھی تک کوئی حکمت عملی نہیں بنا سکی۔ انھوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ اور بہتری کیلیے سسٹم کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جو ان فٹ ہیں انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنا چاہیے، انھوں نے کہاکہ بہترین اور باصلاحیت ٹیم بنانے کیلیے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی ضرورت ہے تا کہ مستقبل میں ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔ منصور احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے تاہم اسے نیک نیتی سے نکھارنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے بند ہیں.