گھر کے شیر باہر ڈھیر ، مانچسٹر ٹیسٹ میں بھارت کو اننگز کی شکس

مانچسٹر ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہی انگلینڈ نے بھارت کو ایک اننگز اور 54 رنز سے شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سریز میں دو ایک کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

اولڈ ٹریفورڈ (ویب ڈیسک) میچ کی پہلی اننگز کی طرح بھارت کا دوسری اننگز میں بھی آغاز اچھا نہ تھا۔ صرف 26 رنز کے مجموعی سکور پر اس کی پہلی وکٹ گری تو وکٹیں تنکوں کی طرح گرتی ہی گئیں۔ بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 161 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس کے مستند بلے باز مرلی وجے 18 گھمبیر 18 پجارا 17 کوہلی7 ریحانے ایک اور جڈیجا چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان دھونی نے 27 اور ایشوین نے سب سے زیادہ 46 ناٹ آوٹ کئے۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں معین علی نے چار ، جیمز اینڈرسن اور کرس جارڈن نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس سے پہلے انگلینڈ نے 367 رنز نو کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔ کھیل کے تیسرے روز انگلینڈ کے جوز بٹلر اور جو روٹ نے 237 رنز چھ کھلاڑی آوٹ پر کھیل کا آغاز کیا۔ دونوں نے بالترتیب 70 اور 77 رنز بنائے۔ ووکس 26رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں بھونیشور کمار نے اور ورون آرون نے تین تین جبکہ پنکج سنگھ نے دو کھلاڑیو ں کو آوٹ کیا۔ میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کی 215 رنز کی لیڈ ہی مہمان ٹیم کے لئے پہاڑ ثابت ہوئی ، اور وہ اس کو عبور کرنے کی کوشش میں 54 رنز قبل ہی ہمت ہار بیٹھے۔ –

تبصرے بند ہیں.