گپٹل کی ریکارڈ ساز اننگز، ون ڈے سیریز کیویز کے نام

ساؤتھمپٹن: مارٹن گپٹل انگلینڈ کے لیے وبال جان بن گئے، ان کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ انھوں نے ناقابل شکست 189 رنز بناکر نیوزی لینڈ کودوسرے ون ڈے میں 86 رنز سے فتح دلادی، کیویز نے سیریز میں بھی 2-0 کی حتمی برتری حاصل کرلی، 360 رنز کے ہدف کے سامنے انگلش ٹیم 273 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جوناتھن ٹروٹ کی سنچری بھی کسی کام نہ آئی۔ تفصیلا ت کے مطابق نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو 86 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف تاریخ کا سب سے بڑا 359 رنز کا مجموعہ بنایا۔ کیویز کی فتح میں مارٹن گپٹل نے اہم کردار ادا کیا جوکہ پہلے مقابلے کی طرح اس بار بھی ناقابل شکست رہے۔ اس بار انھوں نے 189 رنز اسکور کیے جس کیلیے 155 گیندوں کا سامنا کیا اس دوران دو چھکے اور 19 چوکے لگائے، 13 رنز پر ان کا کیچ ڈراپ کردیا گیا تھا، اس سے قبل پہلے میچ میں بھی ڈراپ کیچ سے نئی زندگی پاکر انھوں نے سنچری جڑی تھی۔ انھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے بڑی ون ڈے اننگز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جوکہ اس سے قبل لو ونسنٹ نے زمبابوے کے خلاف 172 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ راس ٹیلر نے بھی مسلسل دوسری ففٹی مکمل کرتے ہوئے 60رنز بنائے، کین ولیمسن 55 اور کپتان برینڈن میک کولم ناٹ آؤٹ 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں لیں۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 44.1 اوورز میں 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جوناتھن ٹروٹ 109 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے تاہم انھیں دوسرے اینڈ سے کوئی مدد نہیں ملی، الیسٹرکک کک نے 34 رنز بنائے، ایون مورگن اور جیمز اینڈرسن نے 28، 28 رنز بنائے۔ میک کلینگن نے 3 اور کین ولیمسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.