کینیا، شاپنگ مال پر حملہ، 30 افراد ہلاک، 100 زخمی

نیروبی / واشنگٹن: کینیا کے دارلحکومت نیروبی کے شاپنگ مال میں دہشتگردوں نے حملہ کرکے 30 افراد ہلاک اور 100 زخمی کر دیے‘ ہلاک اور زخمی ہونیوالوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ نیروبی کے ویسٹ گیٹ شاپنگ مال پر پیش آیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ نقاب پوش حملہ آور عربی یا صومالی زبان بول رہے تھے جنہوں نے خریداروں اور عملے پر فائرنگ کی جس سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک تنظیم حرکت الشباب نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 10تھی جبکہ ایک مبینہ حملہ آور کو قریبی اسپتال سے گرفتار کرلیا گیا۔کئی شہری 4 منزلہ شاپنگ مال میں یرغمال بھی بنائے گئے۔ پولیس افسر کے مطابق شاپنگ مال کے پیچھے مختلف مقامات پر 13 لاشیں پڑی تھیں‘ اوپری حصہ میں موجود ساتھی نے بتایا کہ وہاں مزید لاشیں پڑی ہیں۔ ادھر واشنگٹن میں امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال پر دہشتگردانہ حملے میں امریکی شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جن کی امریکی سفارتخانہ مدد کر رہا ہے جبکہ امریکی ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ وہ نیروبی میں دہشتگردی کے ہونیوالے واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں‘ امریکی میڈیا کے مطابق اس واقعہ سے صدر باراک اوباما کو بھی آگاہ کردیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.