کپتان تنکوں سے قلعہ تعمیر کرنے کا خواب دیکھنے لگے

 لاہور:  قومی ون ڈے کپتان تنکوں سے قلعہ تعمیر کرنے کا خواب دیکھنے لگے، ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کیلیے رینکنگ میں بہتری لانے کا عزم ظاہر کردیا، اظہر علی نے کہاکہ نویں پوزیشن فکرمندی کی بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی مسلسل زوال پذیر ہے، گرین شرٹس13ماہ کے دوران29میں سے صرف 12 میچز ہی جیت پائے، ایک کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا،گذشتہ ورلڈکپ کے بعد مصباح الحق کی جگہ ٹیم کی کمان سنبھالنے والے اظہر علی خاص طور پر تنقید کی زد میں ہیں۔

ان کی قیادت میں پاکستان کو اپنی تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش میں نہ صرف کسی سیریز میں شکست ہوئی بلکہ 3-0سے کلین سویپ کی خفت بھی اٹھانا پڑی، دورہ سری لنکا میں کئی اہم کھلاڑیوں سے محروم میزبان ٹیم کیخلاف 3-2سے فتح نے آئندہ چیمپئنز ٹرافی میں نشست محفوظ بنائی، اس کے بعد کمزور زمبابوے کو ہوم سیریز میں2-0 پھر اوے سیریز میں2-1 سے ہرایا، انگلینڈ نے 3-1اور نیوزی لینڈ نے 2-0سے مات دے کر بہتری کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، مسلسل ناقص کارکردگی کے نتیجے میں نئی آئی سی سی  ورلڈ رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن نویں ہے۔ انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ 2019 میں صف اول کی 8 ٹیمیں براہ راست حصہ لیں گی،2کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.