کویت نے پاکستانیوں کے لئے ویزے بحال کردیئے

کویت سٹی /  اسلام آباد: 

کویت نے پاکستانیوں کے لئے گزشتہ 6 سال سے بند ویزے بحال کردیے جب کہ دونوں ملکوں نے مشترکہ بزنس کونسل بنانے سمیت 5 دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے امیر کویت شیخ صباح احمد الجابر الصباح سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت کی۔ کویت کے سفیرعبدالرحمٰن  کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستانیوں پر6 سال سے عائد ویزا پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دفاع، توانائی، زراعت، تعمیرات، پولٹری، لائیواسٹاک اور فشریز کے شعبوں میں دونوں ملکوں میں تعاون کے وسیع ترمواقع موجود ہیں اور اس حوالے سے تعاون کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اجلاس ہونے چاہئیں۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتااورمختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیناچاہتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.