کوہ قراقرم سے مزید 3 غیر ملکی کوہ پیما پہاڑی چوٹی سر کرنے کی کوشش میں لاپتہ

اسلام آباد: کوہ قراقرم میں واقع گاشا برم پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے دوران 3 ہسپانوی کوہ پیما لاپتہ ہوگئے ہیں جس کے بعد ایک ہفتے کے دوران لاپتہ غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ الپائن کلب آف پاکستان کے سربراہ منظور حسین نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 4 ہسپانوی کوہ پیما اتوار کے روز کوہ قراقرم کی 26 ہزار فٹ بلند گاشربرم چوٹی پر لاپتہ ہوگئے لیکن مواصلاتی نظام کی خرابیوں کے باعث واقعے کے بارے میں دو روز بعد پتہ چل سکا۔ کوہ پیماؤں کے ٹرپ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ 4 کوہ پیماؤں میں سے ایک کوہ پیما راستہ تلاش کرکے بیس کیمپ تک پہنچ گیا لیکن باقی 3 ابھی تک لاپتہ ہیں۔ منظور حسین نے کہا کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے لیکن موسم خراب ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر کو بدھ کو بھی علاقے میں بھیجنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل 3 ایرانی کوہ پیما بھی اسی سلسلے کے ایک اور بلند و بالا بالا پہاڑ براڈ پیک کی چوٹی سر کرتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے اور ریسکیو حکام نے ان کوہ پیماؤں کی تلاش میں ناکامی کے بعد آپریشن بند کردیا تھا تاہم ایرانی سفارتخانے کی درخواست پر ریسکیو آپریشن گزشتہ روز دوبارہ شروع کیا گیا لیکن انہیں کامیابی نہیں مل سکی۔

تبصرے بند ہیں.