کلارک اور شین واٹسن کی عدالت طلبی کا امکان

سڈنی / لندن: سابق کوچ مکی آرتھر کی جانب سے کرکٹ آسٹریلیا کے خلاف کیس میں کپتان مائیکل کلارک اور شین واٹسن کو بھی عدالت میں طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ آرتھر نے اپنی برطرفی کے خلاف بورڈ پر 4 ملین ڈالر کے قریب ہرجانے کا کیس کردیا ہے، ان کی جانب سے عدالت میں پیش کی جانے والی دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مائیکل کلارک اور شین واٹسن کے اختلافات میں وہ دونوں کے بیچ سینڈوچ بنے ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت کے دوران ضرورت پڑی تو پھر مکی آرتھر کے وکلا کلارک اور واٹسن دونوں کو عدالت طلب کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کے جانے سے ٹیم میں نئی جان پڑگئی۔انھوں نے کہا کہ سابق کوچ کی باتیں اب آسٹریلوی سائیڈ کے لیے بے معنی ہوچکی ہیں، جیمزسدرلینڈ نے گذشتہ روز ٹیم کو ناشتے پر جوائن کیا اور ان کے ہمراہ لارڈز بھی گئے، ان کا کہنا ہے کہ میں تین ہفتے پہلے لندن سے آسٹریلیا روانہ ہوا تھا، اس وقت اور اب کی ٹیم میں کافی فرق ہے، اب کھلاڑیوں میں اتحاد اور کچھ کردکھانے کی تڑپ دکھائی دے رہی ہے جو پہلے نہیں تھی۔ مکی آرتھر کی جانب سے کپتان کلارک اور شین واٹسن کے درمیان اختلافات کے دعوے پر انھوں نے کہا کہ سابق کوچ کی یہ باتیں ٹیم کے لیے بے معنی اور سب کی توجہ صرف ایشز پر مرکوز ہے۔ جوئے روٹ کو مکا جڑنے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے بارے میں سدرلینڈ نے کہا کہ انھیں باتوں کے بجائے اپنے طرز عمل سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کا رویہ اب بہتر ہوچکا ہے

تبصرے بند ہیں.