کلارک انگلش بولنگ کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے

کلارک انگلش بولنگ کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے،آسٹریلیا نے پہلی اننگز7وکٹ پر527رنز پر ڈیکلیئرڈ کرکے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ پرگرفت مضبوط کرلی۔ کپتان نے حریف کیخلاف 187 کی بہترین انفرادی اننگز کھیلی، بریڈ ہیڈن (65) اور مچل اسٹارک (66) کے درمیان آٹھویں وکٹ کیلیے97 کی ناقابل شکست پارٹنر شپ بنی، سوان نے 17ویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا، میزبان نے جوابی اننگز میں دوسرے دن کے اختتام پر 2 وکٹیں گنوا کر 52 رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق کینگروز نے دن کا آغاز 3 وکٹ پر303 رنز سے کیا، کپتان کلارک نے 125 سے اپنی انفرادی اننگز کوآگے بڑھایا، اسٹیون اسمتھ 70 پرناٹ آؤٹ تھے، 136 کے انفرادی اسکور پر کلارک کو ٹم بریسنن کی گیند پر سوان نے موقع دیا، وہ شارٹ ایکسٹرا کور پر اونچے کیچ کو قابو نہیں کرسکے، گیند سرکے اوپر سے گزرگئی، 214 رنز کی شراکت کا خاتمہ سوان نے ہی کیااسمتھ 89 رنز بناکر مڈوکٹ پر جونی بیئراسٹو کا کیچ بن گئے،وارنر 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، سوان کی گیند پر سلپ میں جوناتھن ٹروٹ نے کیچ لیا،گیند وکٹ کیپر میٹ پرائر کی پنڈلی سے ٹکرانے کے بعد ان کی جانب گئی،وارنر نے ریفرل کے ذریعے بچنے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا،کپتان مائیکل کلارک نے انگلینڈ کیخلاف 187 کی بہترین انفرادی اننگز کھیلی،پیٹرسڈل (1)کو ٹھکانے لگا کر سوان نے17ویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا، البتہ اس کیلیے انھیں 159 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، مچل اسٹارک اوربریڈ ہیڈن کے درمیان آٹھویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ بنی۔ 10 رنز پر موقع پانے والے بریڈ ہیڈن نے 65 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ساتھی پلیئر 66 پر ناٹ آؤٹ رہے، آسٹریلیا نے 7 وکٹ 527 پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔ انگلینڈ نے جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر52 رنز بنالیے، اسے اب 475 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، الیسٹرکک36 اور جوناتھن ٹروٹ 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جوئے روٹ 8 اور نائٹ واچ مین ٹم بریسنن 1 رنز بناکر میدان بدر ہوگئے، دونوں کو پیٹرسڈل نے ہیڈن کی مدد سے ٹھکانے لگایا۔

تبصرے بند ہیں.