کرکٹ کی رونقیں بحال، پاکستانی ٹیم کا قوم کو جیت کا تحف

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے فتح سمیت لی، مختار احمد اور احمد شہزاد کی جارحانہ بیٹںگ، دونوں بلے بازوں نے نصف سینچریاں بنائیں۔

لاہور: ( پاکستان کی جانب سے مختار احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے والے کھلاڑی مختار احمد نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ دوسری جانب احمد شہزاد نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا۔ مختار احمد نے 83 اور احمد شہزاد نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ میچ کے تیرہویں اوور میں احمد شہزاد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد دوسرے ہی اوور میں مختار احمد بھی ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں بائونڈری کے قریب کیچ آئوٹ ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ٹیم میں پروفیسر کے نام سے جانے والے کھلاڑی محمد حفیظ صرف 12 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اپنی جارحانہ بیٹنگ اور جاندار سٹروکس سے مشہور عمر اکمل نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور صرف چار رنز بنا کر ایک غلط شارٹ پر کیچ دے بیٹھے۔ عرصہ بعد ٹیم کا حصہ بننے والے شعیب ملک نے اوپنرز کی محنت پر پانی پھیرتے ہوئے میچ کو پھنسا دیا۔ شعیب ملک 14 گیندوں پر صرف 7 رنز ہی بنا پائے اور وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان شاہد آفریدی نے آتے ہی گیند پر چوکا مارا اور پاکستان کو میچ جتوا دیا۔ اس سے پہلے زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میچ کے ساتویں اوور میں پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب سیبانڈا 13 رنز بنا کر محمد سمیع کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس سے اگلی ہی گیند پر جارحانہ بیٹنگ کرنے والے مساکازا کو بھی سمیع نے بولڈ کر دیا۔ انھوں نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو تیسری وکٹ اس وقت حاصل ہوئی جب وہاب ریاض نے کوونٹری کو آؤٹ کیا۔ ان کا کیچ بھی سرفراز احمد نے لیا۔ کونٹری نے سات گیندوں میں 14 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کی چوتھی وکٹ 100 رنز کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ایس سی ویلمز 16 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ ان کا کیچ وہاب ریاض نے لیا۔ زمبابوے کی پانچویں وکٹ 142 رنز کے سکور پر گری جب محمد سیع نے سکندر رضا کو پویلین کی راہ دکھلائی۔ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے زمبابوین کھلاڑی سکندر رضا نے محمد سمیع کی گیندوں پر ایک چھکا اور چوکا مار کر کھیل کو انتہائی دلچسپ بنا دیا تاہم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ بائونڈری کے قریب احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ سکندر رضا نے 17 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر 54 رنز بنائے تاہم وہ 168 رنز کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ زمبابوے کی ٹیم نے ٹی ٹونٹی میچ کے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔ –

تبصرے بند ہیں.