کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی، شہری پریشان

 کراچی: 

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کے پریشر میں کمی کا سامنا ہے جس سے امور خانہ داری بری طرح  متاثر ہورہے ہیں. شہریوں نے گیس نہ ہونے پر ایل پی جی کا استعمال شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا سامنا کرنے والے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ہفتے سے گیس کے پریشر میں کمی کا سامنا ہے جو آج بھی برقرار ہے۔ لیاری، اولڈ سٹی ایریا، کھارادر، ناظم آباد میں شہریوں کو پریشر میں کمی کا سامنا ہے، جب کہ صدر، لیاری، گارڈن، کھارادر، کیماڑی، محمود آباد، منظور کالونی میں گیس دن بھر غائب رہی۔ شاہ فیصل، کورنگی، ملیر،اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، میٹرول میں بھی گیس کا پریشر نہ ہونے سے چولہے ٹھنڈے پڑے رہے۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی جاری رہی تاہم گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو حکومت کی گیس لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے برعکس ہے جس میں گھریلو صارفین کو اولین ترجیح حاصل ہے۔صارفین کاکہنا ہے کہ گیس معطلی یا لوڈ شیڈنگ کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی جس سے امور خانہ داری بری طرح  متاثر ہوئے۔ عوام نے ہوٹل سے ناشتہ اور دوپہر کا کھانا منگوا کر کھایا۔عوام نے حکومت سے گھروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند کرنے کی اپیل کی ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ عام طور پر گیس کا ماہانہ بل 250 سے 500 روپے تک آتا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی استعمال کرنے کی وجہ سے گیس کے اخراجات میں 10 گنا اضافہ ہوگیا ہے کیوں کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت بھی 200 روپے سے زائد ہوگئی ہے۔ گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مہنگائی کا مقابلہ کرنا مزید مشکل ہورہاہے۔دوسری جانب ترجمان ایس ایس جی سی سلمان احمد صدیقی کے مطابق  سوئی سدرن گیس کمپنی کے سندھ اور بلوچستان کے فرنچائز علاقوں میں گیس سے چلنے والے ہزاروں گیزروں کے آن ہونے کی وجہ سے گیس کی طلب میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے، علاوہ ازیں بلوچستان میں سردیوں کے آنے کے باعث گیس کی اضافی مانگ بھی بڑھ گئی ہے، اس اضافی طلب کو پورا کرنے کے لیے اور گھریلو اور تجارتی صارفین کو گیس کی فراہمی اپنی پہلی ترجیح کے طور پر فراہم کرنے کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی اپنے دستیاب وسائل کے مطابق گیس لوڈ کو مینیج کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کمپنی کو اتوار کے روز سی این جی اور صنعتی سیکٹر کو گیس کی سپلائی بند کرنی پڑی، گیس کی طلب میں اچانک اضافے کی وجہ سے کچھ علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا سامنا ہو سکتا ہے خاص طور پر وہ علاقے جو ہماری ڈسٹری بیوشن لائنوں کے آخر میں واقع ہیں۔

تبصرے بند ہیں.