کراچی :ایم کیو ایم کے کارکنوں نے این اے 246 میں پی ٹی آئی کا کیمپ اکھاڑ

دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ، ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی ، پولیس کا لاٹھی چارج سات افراد گرفتار

کراچی: ) کراچی میں این اے 246 کی انتخابی مہم کے دوران فیڈرل بی ایریا اور کریم آباد میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا ۔ کریم آباد میں متحدہ کے کارکنوں نے تحریک انصاف کا انتخابی کیمپ اکھاڑ کر پھینک دیا ۔ پولیس نے 7 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔ گورنر سندھ کی ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان مصالحت کی کوششوں کے باوجود کراچی میں ایک بار پھر دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے ۔ تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل اور عارف علوی سمیت دیگر رہنما فیڈرل بی ایریا میں انتخابی مہم کے دوران ایک ریسٹورنٹ پر پہنچے ، اس دوران ایم کیو ایم کے کارکن بھی بڑی تعداد میں ریسٹورنٹ کے باہر جمع ہو گئے اور تحریک انصاف کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ اس کے بعد کریم آباد میں تحریک انصاف کے کیمپ آفس کے قریب متحدہ کے کارکن بڑی تعداد میں جمع ہوئے ۔ دونوں جماعتوں کے کارکن شدید نعرے بازی کے بعد گتھم گتھا ہو گئے ۔ مشتعل افراد نے تحریک انصاف کا کیمپ بھی گرا دیا ۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کیمپ پر حملے میں پی ٹی آئی کے کارکن زخمی بھی ہوئے ۔ کشیدہ صورتحال پر پولیس بھی حرکت میں آئی اور مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج شروع کر دیا ۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی ، خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل موقع پر پہنچے اور کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ۔ پولیس کی مداخلت کے بعد تحریک انصاف کے کارکن روانہ ہو گئے تاہم متحدہ کے کارکن کریم آباد پر موجود رہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار بھی کریم آباد پہنچے اور کارکنوں کو جذبات قابو میں رکھنے کی ہدایت کی ۔ ایم کیو ایم رہنمائوں کا کہنا ہے تھا کہ تصادم میں ملوث افراد متحدہ کے کارکن نہیں بلکہ بلکہ عام شہری تھے ۔

تبصرے بند ہیں.