کراچی؛عید شاپنگ میں 20 ارب روپے کی کمی

کراچی:  بینکاری نظام کے مسائل، اے ٹی ایمز کی بندش، بینکوں کی طویل تعطیلات اور قوت خرید میں کمی کی وجہ سے کراچی میں عید کا سیزن تاجروں کے لیے مایوس کن رہا۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کے مطابق شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہونے کے باوجود گزشتہ سال 70ارب روپے کی ریکارڈ خریداری کے مقابلے میں رواں سال صرف 50ارب روپے کا کاروبار ہوسکا۔

انھوں نے کہا کہ عام آدمی کی قوت خرید میں کمی، بیروزگاری، ہوشربا مہنگائی، حالیہ بجٹ میں لگائے گئے اضافی ٹیکس اور گزشتہ ماہ کے کمر توڑ بجلی بلوں نے متوسط اور غریب طبقے کا عید بجٹ متاثر اور حوصلے پست کردیے جبکہ بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس کے باعث سرمایہ کاری میں بھی ماضی جیسا جوش و خروش نظر نہیں آیا، محتاط اندازے کے مطابق رواں سال تقریباً 75ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوسکی جو گزشتہ سال سے 15ارب روپے کم تھی، تاجروں کو بینک ودہولڈنگ ٹیکس کے باعث سرمائے کی نقل و حمل میں شدید مشکلات رہیں، کمتر وسائل و آمدنی کے حامل افراد محدود خریداری پر مجبور ہوگئے۔ بیشتر مارکیٹوں میں رعایتی سیل کے اعلانات کے باوجود معیاری اور قیمتی اشیا خریداروں کی توجہ حاصل نہ کرسکیں، رمضان میں صرف آخری 8دن کاروبار ہوا، عید شاپنگ میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کا حصہ 80فیصد رہا جن میں ریڈی میڈ گارمنٹس، جوتے، کاسمیٹکس، چوڑیاں، ہوزری ودیگر اشیا شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.