چین میں مٹی کا تودا گرنے سے 30 سے 40 افراد دب گئے

بیجنگ: چین کے صوبہ سیچوان میں مٹی کا تودا گرنے کے باعث 30 سے 40 افراد ملبے تلے دب گئے۔ مقامی حکام کے مطابق چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کے شہر ڈوجنگیاں میں مٹی کے تودے تلے تقریباً 11 خاندانوں کے 30 سے 40 افراد دبے ہوئے ہیں جب کہ سرکاری ٹی وی کے مطابق تودے تلے دبے افراد کی تعداد 17 ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث متعدد گھر اور پل تباہ ہوئے ہیں جب کہ علاقے سے 200 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مون سون بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سےعلاقے کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور کئی اہم رابطہ سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے آمدورفت شدید متاثر ہے جب کہ کئی دیگر مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے متعدد مکانات اور گاڑیاں بھی دب گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی چین میں بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے کے باعث 9 افراد ہلاک جب کہ 10 سے زائد لاپتہ ہو گئے تھے

تبصرے بند ہیں.