چیمپئنز ٹرافی کو کرپشن سے بچانے کیلیے آئی سی سی چوکنا
لندن: آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کو کرپشن کے عفریت سے بچانے کیلیے سخت اقدامات کرلیے۔ ْآئی پی ایل اسکینڈل کی وجہ سے انتہائی غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں، ڈریسنگ رومز اور پلیئرز ایریاز میں کیمرے نصب کردیے گئے، اینٹی کرپشن یونٹ کے افسران ہر میچ میں نگرانی کیلیے موجود ہوں گے، کسی بھی مقام پر کھلاڑیوں کے قریب کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا کہنا ہے کہ ہم غلط چیزوں میں پڑنے کا سوچ تک نہیں سکتے ۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں سامنے آنے والے فکسنگ اسکینڈل نے آئی سی سی کو بھی ہلا کر رکھ دیا اس نے جمعرات سے شروع ہونے والے اپنے اہم ترین ایونٹ چیمپئنز ٹرافی کو کرپشن کے سائے سے بھی بچانے کیلیے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔کھلاڑیوں کو ڈریسنگ رومز میں موبائل فون استعمال کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی، وہاں اور پلیئرز ایریاز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے ہر میچ پر نظر رکھنے کیلیے اسٹیڈیم کے اندر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے آفیشلز موجود ہوں گے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا رابطے کی اطلاع دینے کیلیے ایک خفیہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن اور ای میل سے تمام پلیئرز کو آگاہ کردیا گیا ہے، پلیئرز اور میچ آفیشلز ایریا کو دوسرے لوگوں کے لیے ممنوعہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے، کسی کو بھی میچ سے قبل پلیئرز کے قریب بھی پھٹکنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس طرح ہوٹلوں میں بھی کھلاڑیوں کی سرگرمیوں پر آفیشلز کی نظر ہوگی۔ ادھر انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا کہنا ہے کہ جو خبریں آئی پی ایل سے سامنے آئی ہیں وہ انتہائی مایوس کن ہیں ہمیں پہلے سے ہی اس قسم کی چیزوں سے بچنے کیلیے تیار کردیا گیا، یہ چیز میرے ساتھ تو کبھی پیش نہیں آئی لیکن میں جانتا ہوں کہ اگر کوئی بھی مجھ سے مشکوک رابطہ کرنے کی کوشش کرے گا تو مجھے فوری طور پر اس کی اطلاع ٹیم منیجر یا کوچ کو دینی اور پھر وہ سارا معاملہ سنبھالیں گے۔
تبصرے بند ہیں.