جنید اورعرفان، کرس گیل کو قابو کرسکتے ہیں، وسیم اکرم

کراچی: سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم اور فاسٹ بولر شعیب اختر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جیت کا امکان ظاہر کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز اور ٹیم کی اجتماعی کاوشیں ایونٹ میں گرین شرٹس کی کامیابی میں اہم ہوں گی، وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایونٹ میں متوازن اسکواڈ بھجوایا ہے، ویسٹ انڈیز خطرناک سائیڈ ہے، اسی طرح جنوبی افریقہ اور بھارت سے مقابلے بھی مشکل ہوں گے، ہماری ٹیم کو بھرپور قوت کے ساتھ میدان میںپرفارم کرنا ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کرس گیل کی فارم سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، وہ اگرچہ خطرناک پلیئر ہے لیکن ہمارا پیس اٹیک جنید اور عرفان ان کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے، یہ اسے روک سکتے ہیں،بڑے ایونٹ میں ہر میچ اہم ہوتا ہے، ہماری ٹیم کو ہر میچ مثبت سوچ کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں صلاحیت کی کمی نہیں اور اسکواڈ بھی متوازن ہے لیکن جیت کیلیے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کیلیے جمعہ 7 جون کو ویسٹ انڈیز سے ابتدائی میچ بہت اہم ہوگا، پہلا میچ جیتنا بہت اہم ہوتا ہے، میچ کا نتیجہ ٹیم کا اعتماد بڑھانے میں مددگار ہوگا، انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈین کرکٹرز آئی پی ایل کھیلتے ہوئے لندن آئے ہیں، لیکن انگلش کنڈیشنز یہاں سے یکسر مختلف ہیں اور ایونٹ میں کھیل کا انداز بھی مختلف ہوگا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت سے مقابلہ ہائی پریشر کا ہوگا، اسی طرح جنوبی افریقہ کو بھی مات دینا قومی ٹیم کیلیے یکساں اہم ہے۔8ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح جمعرات کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے میچ سے ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.