چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ کی تیاریوں کا پول کھل گیا

ایمسٹیلوین / لندن: چیمپئنز ٹرافی کیلیے انگلش تیاریوں کا پول کھل گیا، نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے ون ڈے میں 5 وکٹ سے شکست مقدر بن گئی۔ کیویز نے 228 کا ہدف 19 بالز پہلے ہی حاصل کرلیا، تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل ہوگئی، پہلے اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد مارٹن گپٹل نے انتہائی ذمہ دارانہ ناقابل شکست سنچری بنائی، روس ٹیلر نے بھی ففٹی بنائی، اس سے قبل انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 227 رنز بنائے، ٹم ساؤتھی نے تین وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق 228 رنز کے ہدف میں کیویز کا آغاز اچھا نہیں ہوا،آسٹریلیا کے سابق کرکٹر لیوک رانچی کا نیوزی لینڈ کی جانب ڈیبیو انتہائی مایوس کن رہا، وہ پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے، کیچ ان کا سوان کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا، ایک گیند بعد اینڈرسن نے کیویز کو دوسرا صدمہ پہنچایا جب کین ولیمسن بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔اس بار کیچ وکٹ کیپر جوز بٹلر نے تھاما، ابتدائی اوور میں زبردست جھٹکے سے سنبھلتے ہوئے مارٹن گپٹل نے روس ٹیلر کے تعاون سے مجموعے کو 121 تک پہنچایا، ٹیلر 54 رنز پر اینڈرسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، 168 کے ٹوٹل پر گرانٹ ایلوئٹ 27 رنز پر سوان کا شکار ہوگئے، کپتان برینڈن ٹیلر کو ڈیرن بیچ نے 5 کے انفرادی اسکور پر مورگن کا کیچ بنایا۔ دوسرے اینڈ پر گپٹل نہ صرف ڈٹے رہے بلکہ ٹارگٹ کی جانب پیشقدمی بھی جاری رکھی، وہ ایک ساتھ ہدف اور سنچری کے قریب پہنچے، 99 رنز پر وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچے جب بریسنن کی ایل بی ڈبلیو کی زودار اپیل کو امپائر علیم ڈار نے مسترد کردیا، انگلینڈ نے فوراً ریویو لیا مگر ری پلیز سے تصدیق ہوگئی کہ گیند پہلے بیٹ سے ٹکرائی تھی، اگلی گیند پر بائی کے چار رنز بنے جبکہ ایک گیند بعد گپٹل نے سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ٹیم کو بھی ہدف پر پہنچا دیا، وہ 103 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

تبصرے بند ہیں.