چیف الیکشن کمشنر کون بنے گا ، پارلیمانی کمیٹی آج فیصلہ کرے گی

جسٹس سرداررضا، جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویزاورجسٹس ریٹائرڈ تنویراحمدخان کےنام فائنل کر لئے گئے

اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر کون بنے گا؟ پارلیمانی کمیٹی آج فیصلہ کرے گی ، جسٹس سرداررضا، جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز اور جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان کے نام فائنل کر لیے گئے ، جسٹس سردار رضا کے چیف الیکشن کمشنر بننے کے قوی امکانات ہیں ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی وزیر اسحاق ڈار کے دو طویل ملاقاتیں ہوئیں ۔ ملاقاتوں میں چیف الیکشن کمشنرکے نام پرحتمی مشاورت کی گئی ۔ دونوں رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس سردار رضا، جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز اور جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان کے ناموں پر اتفاق کیا ۔ اس سے پہلے جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان اور جسٹس ریٹائرڈ میاں محمد اجمل کے نام لسٹ سے خارج کر دیئے گئے تھے ۔ جسٹس میاں محمد اجمل کی جگہ پر جسٹس منیر اے شیخ کا نام بھی شامل کیا گیا تھا تاہم آخری وقت میں جسٹس منیر اے شیخ کا نام خارج کر کے جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان کا نام شامل کیا گیا ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار اور فروغ نسیم ، جماعت اسلامی کے سراج الحق اور اے این پی کے اسفند یار ولی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تینوں ناموں پر مشاورت کی اور اعتماد میں لیا ۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے اتحادی جماعتوں کے رہنماء محمود خان اچکزئی ، آفتاب شیرپاؤ ، اعجازالحق ، میرحاصل بزنجو، اور مولانا عبدالغفور حیدری سے رابطہ کیا اور تینوں ناموں پرمشاورت کر کے انہیں اعتماد میں لیا ۔ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ اور وزیر اعظم کی جانب سے اسحاق ڈارنے تینوں نام پارلیمانی کمیٹی کوبھجوادیئے ہیں ۔ پارلیمانی کمیٹی تین ناموں میں سے کسی ایک نام کا حتمی فیصلہ کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق جسٹس سرداررضا کےچیف الیکشن کمشنربننے کے قومی امکانات ہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ اسحاق ڈار اور انہوں نے تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ تین نام فائنل کئے ہیں ۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم کی منظوری کے ساتھ ان تین ناموں پر اتفاق کیا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.