چیئرمین کواپنی منظورشدہ ٹیم میں کمی دکھائی دینے لگی

کراچی:  چیئرمین پی سی بی شہریارخان کو اپنی ہی منظور شدہ ٹیم میں کمی دکھائی دینے لگی،ان کا کہنا ہے کہ ڈومسیٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے اور بوٹ کیمپ میں فٹنس ثابت کرنیوالے فواد عالم کی قومی اسکواڈ میں عدم شمولیت پر افسوس ہوا،البتہ کراچی کے کھلاڑیوں کیساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک نہیں ہورہا.

ان کے مطابق پابندی کی زد میں آئے ہوئے لیگ اسپنر دانش کنیریا بھارت میں بیٹھ کر قومی کرکٹ بورڈ کو الزام نہ دیں۔ مشتاق احمدکو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے اصرار پر صرف انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے بولنگ کوچ بنایا گیا۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہر یار خان نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ کیلیے کراچی کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کا الزام درست نہیں، ایبٹ آباد میں لگائے جانے والے بوٹ کیمپ میں کراچی کے5 کرکٹرز میں صرف فواد عالم ہی فٹنس کے معیار پر پورا اترنے میں کامیاب ہوئے، مجھے ان کے عدم انتخاب پر افسوس ضرور ہوا ہے۔واضح رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی منظور شدہ ٹیم کو شہریارخان نے ہی منظور کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.