پی ایس بی نے 6 اضلاع کو 1 کروڑ کے فنڈز جاری کردیے

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کھیلوں کو فروغ دینے کیلیے خیبرپختونخواکے 6 اضلاع کو ایک کروڑ 2لاکھ روپے جاری کردیے۔ وزارت بین الصوبائی حکومت نے کے پی کے حکومت کو تحریری ہدایت کی کہ ان اضلاع میں کلب سطح پر ٹیمیں تشکیل دے کر والی بال، فٹبال اور ایتھلیٹکس کے ایونٹس کرائے جائیں۔ ذرائع سے معلوم ہواکہ پی ایس بی کی جانب سے بنوں کو30 لاکھ، لکی مروت اور اپردیر کو13,13، لوئر دیر کو12، مالاکنڈکو10 جبکہ بونیرکو8 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے،باقی رقم کا قیمتی سامان ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسراورڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کو مہیا کیا جائے گا، خطیر رقم و سامان کی فراہمی کے لیے وزارت بین الصوبائی امور اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جوائنٹ سیکریٹری سید جاوید، پی ایس بی کے ڈائریکٹر چوہدری سلامت حسین، ڈائریکٹر سید حبیب شاہ اور ڈائریکٹر میڈیا شاہد اسلام پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے۔چوہدری سلامت حسین کے مطابق اسپورٹس پروموشن پروگرام کو پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک بڑھایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کوکھیلوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، دیہاتوں میں اچھے پلیئرزکی کوئی کمی نہیں مگر محدود وسائل کی وجہ سے انھیں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ہی نہیں ملتا۔

تبصرے بند ہیں.