پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا فلائٹس آپریشن مستقل بنیادوں پر بند کرنے کا اعلان

کراچی: پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سے فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ نے ملک بھر میں فلائٹس آپریشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی آئی اے کے ملازم ہیں ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں، حکومت نے جو کیا وہ ظلم نہیں بلکہ اسے بربریت کہتے ہیں، ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔

سہیل بلوچ نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی ہلاکت پر مقدمے کے لیے کل عدالت سے رجوع کریں گے جب کہ ڈی جی رینجرز فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیں اور واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ہیڈ آفس پر مکمل تالا بندی رہے گی اور دھرنا بھی جاری رہے گا۔

تبصرے بند ہیں.