لندن: برطانیہ میں پی آئی اے کے مسافر بردار طیارے کو جنگی طیاروں کے حصار میں اتار کر دو مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے طیارے پی کے سات سو نو کو مانچسٹر کے قریب برطانوی جنگی طیاروں نے اپنے حصار میں لیکر اسٹینسٹد ائرپورٹ پر لینڈ کرایا ، طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح نو بجکر پینتیس منٹ پر لاہور سے مانچسٹر کیلئے روانہ ہوا تھا ، پی آئی اے کے بوئنگ ٹرپل سیون میں عملے سمیت تین سو آٹھ افراد سوار تھے، طیارے میں تمام افراد مکمل طور پر محفوظ رہے، مسافروں کے مطابق دو مسافروں کو حراست میں لیا گیا اور برطانوی پولیس انہیں ہتھکڑی پہنا کر لے گئی۔ ان افراد کو طیارے کو نقصان پہنچانے کی دھمکی کے الزام میں حراست میں لیا گیا، گرفتار ہونیوالے افراد کی عمریں تیس اور اکتالیس سال بتائی جاتی ہیں ، طیارے میں سوار مسافروں کے مطابق دوران پرواز ان مسافروں کا عملے سے جھگڑا ہوا۔مسافروں نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ طیارے میں سوار دو مسافروں کی عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی ، ائیر ہوسٹس نے مسافروں کے ساتھ ہونیوالی تلخ کلامی سے کپتان کو آگاہ کیا، جس کے بعد کپتان نے برطانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیا اور برطانوی حکام نے دھمکی کے پیش نظر ہائی الرٹ کارروائی کی، برطانوی جنگی طیارے نے فضا ہی میں پی آئی اے کے طیارے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور طیارے کو اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتارا گیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور انتظامیہ برطانوی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
تبصرے بند ہیں.