پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاہینوں نے کیویز کو شکست دے دی

آکلینڈ: تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دے دی۔

آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو جیت کے لئے 172 رنز کا ہدف دیا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پہلے میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد کیویز کو 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن سب سے زیادہ 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کولن منرو نے بھی 56 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑیوں کو وہاب ریاض نے پویلین کی راہ دکھائی۔ کین ولیمسن اور کولن منرو کے علاوہ صرف ایک کیوی کھلاڑی میٹ ہنری ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے اور انھوں نے 10 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شاہد آفریدی اور عمر گل نے 2، 2 جب کہ عماد وسیم اور ساڑھے 5 برس بعد انٹر نیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.