پہلا ٹی 20؛ سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی

پہلے ٹوئنٹی 20 میں مضبوط سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جنوبی افریقہ نے9 وکٹ پر103 تک محدود رکھ کے12 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ کمار سنگاکارا (59 ناٹ آؤٹ) ایک اینڈ پر کھڑے ساتھیوں کی واپسی کی تماشہ دیکھتے رہے، 5 پلیئرز کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہ مل پایا، البتہ ان میں سے ایک ناٹ آؤٹ رہا، ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے دوسرے کھلاڑی کوشل پریرا (11) تھے، پلیئر آف دی میچ پال ڈومنی نے 3 وکٹیں لینے کے ساتھ ففٹی بھی بنائی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بھاری پڑ گیا، مشکل وکٹ پر بیٹسمین آغاز سے ہی جدوجہد کرتے دکھائی دیے اور23رنز پر تین وکٹیں گر گئیں، کوئنٹن ڈی کک 5، ہنری ڈیوڈز1 اور کپتان فاف ڈوپلیسس8رنز کے مہمان ثابت ہوئے،پال ڈومنی اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی مگر ون ڈے کپتان15رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ڈومنی نے ڈیوڈ ملر (25) کے ساتھ 56 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 106تک پہنچایا، وہ 51 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین ثابت ہوئے، مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا اسکور6وکٹ پر115 رہا، سچترا سینانائیکے نے14رنز دے کر 3وکٹیں لیں۔ جواب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ ڈرامائی طور پر فلاپ ہوئی، ایک موقع پر13.3 اوورز میں اسکور 3 وکٹ پر 72 تھا مگر مزید31 رنز کے اضافے سے6 وکٹیں گر گئیں، اننگز کا اختتام 9وکٹ پر103رنز پر ہوا،ٹیم کو آخری 2 اوورز میں 21 رنز درکاراور3 وکٹیں باقی تھیں مگر لیفٹ آرم سیمر وائن پارنیل نے19ویں اوور میں بغیر کوئی رن دیے سینانائیکے اور مالنگا کو آؤٹ کر دیا۔ سنگاکارا(59 ناٹ آؤٹ) نے مورکل کے آخری اوور میں 2 چوکے لگائے مگر وہ ٹیم کو فتح دلانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئے، قبل ازیں پریرا نے 11 رنز بنائے، پال ڈومنی نے 3 وکٹوں کیلیے 18 رنز دیے، مورکل اور پارنیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 3 میچز کی سیریز کا دوسرا مقابلہ اتوار کو ہمبنٹوٹا میں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.