پہلا ون ڈے؛ پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلئے 245 رنز کا ہدف

ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیت کے لئے 245 رنز کا ہدف دےدیا۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباالحق نے شاندار بیٹنگ کی اور وہ 83 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کھیل کے دوران محمد حفیظ نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 رنز بنائے، ناصر جمشید 27 اور احمد شہزاد 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔ زمبابوے کی جانب سے برین ویٹوری اور ٹینڈائی چٹارا نے پاکستان کے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ پروسپر اوٹسیا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی اسکواڈ میں 50ویں میچ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے پاکستانی کپتان مصباح الحق، احمد شہزاد، ناصر جمشید، محمد حفیظ، عمر امین، حارث سہیل، شاہد آفریدی، سرفراز احمد، محمد عرفان، جنید خان اور سعید اجمل شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 44 ون ڈے میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 40 پاکستان نے جیتے، ایک ٹائی ہوا، ایک کا نتیجہ نہ نکل سکا جبکہ کمزور سمجھی جانے والی میزبان ٹیم نے 2 بار پاکستان کو اپ سیٹ شکست دی۔ پاکستان نے ہرارے میں اب تک زیادہ سے زیادہ 323 رنز بنائے ہیں جبکہ آخری 10 میچوں میں دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کامیاب رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہرارے اسپورٹس کلب کے اسی میدان میں 22 فروری 1995 کو میچ ٹائی ہوا، زمبابوے نے 9 وکٹوں پر 219 رنز بنائے اور پاکستانی ٹیم اتنے ہی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ چار روز بعد اسی میدان میں زمبابوے نے سلیم ملک کی کپتانی میں کھیلنے والی مد مقابل ٹیم کو 74 رنز سے شکست دی جبکہ 22 نومبر 1998 کو زمبابوے نے شیخوپورہ میں دوسری بار پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹی 20 سیریز پاکستان 0-2 سے کلین سوئپ کرچکا ہے۔

تبصرے بند ہیں.