پندرھویں روز بھی غزہ میں صیہونی سفاکیت کا راج، ہلاکتوں کی تعداد 576 ہوگئی

غزہ ()اسرائیل نے اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی اپیل کو نظر انداز کر دیا ، پندرھویں روز بھی غزہ میں صیہونی سفاکیت ناچتی رہی ، اب تک 576 فلسطینی شہری جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ستائیس صیہونی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اسرائیلی فورسز کی بربریت و ننگی جارحیت نے نہتے فلسطینیوں کا جینا محال کر دیا۔صیہونی سفاکیت پورے عروج پر ہے ،اسرائیلی فوجیں شہری آبادیوں پر دن رات آگ اور بارود برسا رہی ہیں۔سیکڑوں گھر ملبے کے ڈھیر بن چکے ہیں ، زخمیوں کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔غزہ سٹی پر تازہ بمباری میں متعدد فلسطینیوں کی شہادت کی اطلاع ہے۔ اسرائیلی افواج نے غزہ پٹی میں حماس رہنما کے گھر پانچ مساجد اور ایک فٹ بال سٹیڈیم کو بھی نشانہ بنایا۔حماس کی جوابی کارروائی میں دو مزید اسرائیلی مارے گئے ، اب تک دو شہریوں سمیت انتیس اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے قاہرہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی ہے اورغزہ کیلئے 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔قاہرہ میں بانکی مون نے عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی سے ملاقات کی ، بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دونوں رہنماوں نے غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کی۔عرب لیگ کے سربراہ نے حماس سے جنگ بندی کی تجویز ماننے کی اپیل کی ادھر غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف ترکی نے تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.