پنجاب میں سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی، رانا ثنااللہ

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے مجرموں کو گرفتار کرنے سے لے کر انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی میں 10 افراد جاں بحق اور 6 پولیس اہلکاروں سمیت 56 افراد زخمی ہوئے، 32 افراد کو طبی امداد سے کر فارع کردیا گیا ہے، جبکہ 8 افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں ہیں، انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پنجاب میں حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تاہم علما ئے کرام اور پاک فوج اور واقعے کی ذمہ دارانہ کوریج پر میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مجرموں کو گرفتار کرنے سے لے کر انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،تحقیقات کے دوران کسی بھی مسلک کے ماننے والوں کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائےگی نہ ہی کسی بے گناہ شخص کو سزا دی جائے گی، سانحہ راولپنڈی کی عدالتی تحقیقات ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں کرائی جارہی ہے جو 30 دنوں میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی تاکہ واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جاسکے، اس کے علاوہ واقعے کا ایک مقدمہ پولیس کی مدعیت میں بھی درج کرلیا گیا ہے تاہم اگر متاثرہ افراد مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں تو وہ مقدمہ درج کراسکتے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے نقصان کا اندازہ لگانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے، مسجداور مدرسے کے منتظیمن و دیگرشامل ہیں، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کے بعد 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ واقعے میں جس کا جتنا بھی نقصان ہوا اسے پورا کیا جائے گا جبکہ مسجد اور مدرسے کی تعمیرنو بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.