پنجاب: شدید گرمی میں طویل لوڈشیدنگ، پانی بھی ناپید ہو گیا

لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث پانی بھی اب ناپید ہوچکا ہے، آگ برساتی گرمی میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔آنے والی حکومت کے لیے بجلی بحران کے ساتھ پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ پنجاب میں گرمی کی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ اذیت ناک ہوتی جا رہی ہے،صوبے میں کہیں سولہ،کہیں اٹھارہ اور کہیں انیس سے اکیس گھنٹے کی بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔ایک طرف لوڈشیڈنگ اور دوسری جانب پانی کی قلت نے شہریوں کو بے حال کر رکھا ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر میں کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی کا سلسلہ بند ہے۔ پانی کی قلت سے پریشان خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سخت گرمی میں بجلی بندش کے ساتھ پانی کی قلت نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔ سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ساہیوال، خانیوال، بھکر اور گجرات سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں پانی کی قلت نے لوگوں کی زندگی اجیران بنا دی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کو درپیش چیلنجز کے ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.