پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا نیا اشتہار، بجلی چوری کو گناہ قرار دیدیا

پشاور: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ماہ رمضان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بجلی چوری سے لوگوں کو روکنے کے لئے اخباروں اور عوامی مقامات پر اشتہارات لگوائے ہیں جن میں بجلی چوری کو گناہ قرار دیا گیا ہے۔ اخبارات میں چھپوائے گئے اشتہارات میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی چوری سے گریز کریں کیونکہ بجلی چوری گناہ ہے۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ آپ روزہ رکھیں، زکوة ادا کریں اور اپنے والدین کی خدمت کریں لیکن یہ تمام کام آپ جائز طریقے سے بجلی استعمال کرتے ہوئے سر انجام دیں، اشتہار میں علمائے اکرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چوری کی گئی بجلی استعمال کرتے ہوئے اچھے اور نیک کام کرنا بھی شریعت کے منافی ہے لہذاٰ ہمیں بجلی کی چوری کرنا بند کرکے قیامت کے دن کے لئے اپنے لئے آسانی پیدا کرنی چاہیے۔ دوسری جانب صوبے اور قبائلی علاقوں کے لوگ بجلی چوری کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ مہمند کے رہائشی خان علی کا کہنا ہے کہ آپ اسے بجلی چوری نہیں کہہ سکتے بلکہ یہ ان کا حق ہے، خیبر پختونخوا میں بجلی پیدا کی جاتی ہے اور باقی ملک کو بھی یہاں سے بجلی سپلائی کی جاتی ہے تو ہمیں اس حوالے سے کچھ رعایت ملنی چاہیئے۔ بجلی چوری محض صوبہ خیبر پختونخوا میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی کروڑوں روپے کی ماہانہ بجلی چوری کی جا رہی ہے، کئی شہروں، دیہاتوں میں لوگ کھلے عام کنڈے کے ذریعے بجلی استعمال کر رہے ہیں جو کہ بجلی بحران میں اضافے کی اہم وجہ ہے۔ کراچی میں رہائش پزیر امجد علی کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کے قانونی کنیکشن کے ذریعے بجلی حاصل نہیں کر سکتا کیونکہ بجلی کا مہنگا بل ادا کرنا اس کی استطاعت سے باہر ہے اور اگر وہ قانونی کنیکشن سے بجلی حاصل کرتا ہے تو اس کی آدھی تنخواہ بجلی کا بل ادا کرنے میں ہی نکل جائے گی۔ واٹر اینڈ پاور ڈیویلوپمٹ اتھارٹی کے مطابق ملک میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے دوران ہونے والے لائن لاسزاور بجلی چوری کا تناسب 20 فیصد ہے جب کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سینئر انجینئر کا کہنا ہے کہ کراچی میں 30 فیصد تک بجلی چوری ہو رہی ہے جس سے کمپنی کو بھاری مالیاتی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ بجلی چوری سے پاور کمپنیز کو بھاری مالیاتی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہی وجہ سرکیولر ڈیٹ میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو 18 سے 20 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا ہے اور اس سلسلے میں صوبہ پنجاب میں کئی بجلی چوروں کو پکڑا کر غیرقانونی طریقے سے حاصل کیے گئے بجلی کے کنیکشنز روزانہ کی بنیادوں پر کاٹے جا رہے ہیں

تبصرے بند ہیں.