پرویزمشرف کے خلاف غداری کے مقدمے میں حکومت خود مدعی بنے گی، پرویز رشید

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف آئین سے غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے حکومت خود مدعی بنے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آئین سے غداری پر پرویز مشرف کے علاوہ جن لوگوں کے خلاف کارروائی ہو گی اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر یہ الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ پرویز مشرف سے مک مکا ہو گیا ہے اور حکومت مشرف کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی. جن باتوں کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ پوری نہیں ہو ں گی اب وہ پوری کر کے دکھائیں گے۔ اس سے قبل پریس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ادارے اطلاعات چھپاتے رہے ہیں، یہاں تک کہ وزرائے اعظم سے بھی معلومات چھپائی جاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کو چھپانا دراصل بدعنوانی کو چھپانا ہے اور ساری برائی حقائق چھپانے کی وجہ سے ہوتی ہے، حکومت اطلاعات تک رسائی کے قانون پر کام کر رہی ہے اس حوالے سے جامع قانون سازی کی جارہی ہے جب کہ متعلقہ قائمہ کمیٹی نے بل کی متفقہ طور پر منظوری بھی دے دی۔ ان کا کہنا تھاکہ مسودہ میں مزید بہتری کے لئے بل ابھی کمیٹی کے پاس ہے، پریس کونسل سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی تجاویز کو قانون میں شامل کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.