پاکستان کھیلوں کیلیے محفوظ ملک ہے،اسکواش پلیئرز

اسلام آباد: ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں شریک غیر ملکی پلیئرز نے پاکستان کو کھیلوں کیلیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی یہاں آکر کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ اسلام آباد میں جاری ایونٹ میں شریک کویت کے عبداﷲ المزانیی اور ملائشین اونگ بنگ ہی کا کہنا ہے کہ عظیم پلیئرزکی سرزمین پر کھیلنے کی ہمیشہ سے خواہش تھی جو اب پوری ہوگئی انھوں نے کہا کہ پاکستانی سرزمین اسکواش کیلیے انتہائی زرخیز ہے، ایشین چیمپئن شپ میں شریک تمام میزبان پلیئرز باصلاحیت ہیں جو مستقبل میں جان شیر خان اور جہانگیر خان سمیت دیگر سابق اسٹارز کے نقش قد م پر چل کر کارنامے انجام دے سکے ہیں۔ کویتی پلیئر عبداللہ المزانیی نے کہاکہ پاکستان میںکھیل کر خوب لطف اندوز ہورہا ہوں، ایونٹ کیلیے شاندار انتظامات کیے گئے،یہ میری زندگی کے یاد گار ترین لمحات میں سے ایک ہیں، سابق عالمی چیمپئنز کے ساتھ ملاقات میرے لیے اعزاز ہے۔ پاکستانی اسٹار فرحان محبوب نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں سخت ٹریننگ کا صلہ ایونٹ میں بہترکارکردگی کی صورت میں ملا۔ عامر اطلس خان نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ایونٹس کا زیادہ سے زیادہ انعقاد ہونا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کیا جا سکے۔ پاکستان نمبر ون کھلاڑی ماریہ طور نے کہا کہ ملک میں ویمنز ایونٹس کی تعداد بڑھانی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں کھیل میں دلچسپی لیں، کافی عرصے بعد پاکستان میں کھیلنے کا موقع ملا جس کی بڑی خوشی ہے۔

تبصرے بند ہیں.