پاکستان کو غذائی اشیا کی تجارت میں ایک ارب16کروڑ ڈالر کا خسارہ

کراچی: پاکستان  سے غذائی اشیا کی برآمدات کے مقابلے میں درآمدات کا حجم زیادہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران صرف کھانے پینے کی اشیا کی تجارت میں ایک ارب 16کروڑ 70لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں غذائی اشیا کی درآمدات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2014-15کے دوران غذائی اشیا کی برآمد 4.249 ارب ڈالر اور درآمدات 4.549 ارب ڈالر تھی جس سے غذائی اشیا کی تجارت میں 30کروڑ ڈالر خسارے کا سامنا تھا جو مالی سال 2015-16کے دوران بڑھ کر ایک ارب 16کروڑ 70لاکھ ڈالر کی سطح پر آگیا۔

غذائی اشیا کی تجارت کو درپیش خسارہ مالی سال 2014-15کے مقابلے میں 86کروڑ 70لاکھ ڈالر زائد رہا۔ پاکستان سے خوردنی اشیاء کی برآمد میں گیارہ ماہ کے دوران 12.78فیصد کمی واقع ہوئی۔ مالی سال 2014-15کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران 4.25ارب ڈالر مالیت کی غذائی اشیا برآمد کی گئی تھیں تاہم مالی سال 2015-16کے اسی عرصے کے دوران غذائی اشیا کی برآمدات 3.70 ارب ڈالر رہیں۔

تبصرے بند ہیں.