پاکستان کشیدگی بڑھا رہا ہے، حرکتوں سے باز آجائے، بھارتی وزیر دفاع کی دھمکی

بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کو کشیدہ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان جان بوجھ کر ماحول خراب کرنا چاہتا ہے۔ پانی سر سے گزر چکا، پاکستان اپنی حرکتوں سے باز آجائے۔ بھارتی فوج بہتر انداز میں کام کر رہی ہے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔ حالات میں بہتری کی اب کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان اپنی حرکتوں سے باز آجائے۔ اتوار کو بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر صورتحال کشیدہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کئی بار پیدا ہوچکی ہے جس کے بعد صورت حال معمول پر آتی ہے لیکن اب کی بار صورت حال کچھ زیادہ ہی کشیدہ ہے اور لائن آف کنٹرول پر جانی نقصان بھی ہوا ہے۔بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پونچھ میں 5 فورسز اہلکاروں کی ہلاکت کشیدگی کی بنیادی وجہ بن گئی کیونکہ ان ہلاکتوں میں سرحد پار لوگ ملوث تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور صرف ہم جواب دیتے رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ فوج کو یہ ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے اور فوج بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.