پاکستان کا اگلا صدر کون ، فیصلہ آج ہو گا

اسلام آباد… ملک کا آئندہ صدر کون ہوگا اس کا فیصلہ آج ہوجائے گا ۔سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نئے صدر کا انتخاب کریں گے۔ ممنون حسین، وجیہہ الدین احمد۔ایک کرسی ، دو امیدوار اور ووٹر ہیں 11 سو سے زائد،میدان تیار،فیصلہ ہونا باقی ہے۔ صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ اسٹیشن ہیں قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں اورپولنگ ہوگی دن 10 بجے سے سہ پہر3 بجے تک۔ انتخاب ہوگاخفیہ رائے شماری سے۔ بیلٹ پیپر پر امیدوار کے نام کے سامنے کراس کا نشان لگانا ہوگا، پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے فوری بعد گنتی شروع کردی جائے گی۔نتائج ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کو بھجوا ئے جائیں گے جوحتمی نتیجے کااعلان کریں گے۔ کسی امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کو 65 سے ضرب دے کر اس اسمبلی کے کل ووٹوں کے ساتھ تقسیم کردیا جائے گا یوں اس امیدوار کے ووٹ نکل آئیں گے۔ سینیٹ اورقومی اسمبلی کے ارکان کاایک ایک ووٹ ہوگاجبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے65،65ووٹ ہوں گے۔ ڈالے گئے کل ووٹوں کی اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار آئندہ پانچ سال کے لئے پاکستان کا صدر منتخب قرار پائے گا۔ پاکستان میں پہلی بار کوئی منتخب صدر اپنی آئینی مدت پوری کرنے جارہا ہے،یہ مدت پوری ہوگی 8 ستمبر کو،اسمبلیاں نئے صدر کا انتخاب تو کر دیں گی لیکن انہیں کرسی صدارت پر بیٹھنے کے لیے ایک ماہ سے زائد انتظار کرنا ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.