پاکستان نے ویسٹ انڈیزکو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

سینٹ لوشیا: مصباح، حفیظ، عمراکمل اور بارش نے کالی آندھی کا رخ موڑدیا، ، بارش سے متاثرہ چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیزکوشکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔ سینٹ لوشیا کے بیوسجور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈین ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم بارش کی وجہ سے میچ شروع ہونے میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے میچ کو 49 اوورز تک محدود کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے تمام کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور مقررہ 49 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 261 رنز بنائے۔ اوپنرسمتھ 8، ڈیرن براؤو 9 اورچارلس 32 رنز بناکرآؤٹ ہوئے جب کہ مارلن سیموئلز نےدھواں دھاربیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور فلک شگاف 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے اورآؤٹ نہیں ہوئے۔ کرس گیل نےکھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کرلی اورتیزی سے 30 رنزکی اننگ کھیلی جب کہ لنڈل سمنز نے بھی بےرحمی سے پاکستانی باؤلرزکی پٹائی کی اور 44 گیندوں پر46 رنزبنائےجب کہ ڈیرن سیمی 7 اور ڈیمئن براوو 6 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 اور شاہد آفریدی، سعید اجمل، جنید خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، اس طرح ویسٹ انڈیزنے پاکستان کو جیتنے کےلئے262 رنزکا ہدف دیا۔ پاکستان کےدونوں اوپنراحمدشہزاد اورناصرجمشید اس میچ میں بھی ٹیم کوبڑا آغاز فراہم نہ کرسکے، احمد شہزاد 14 اور ناصرجمشید 26 اسکورکرسکے۔ اس دوران بارش کےباعث پاکستان کوڈک ورتھ لوئس سسٹم کےتحت 31 اوورزمیں 189 رنز بنانے کا ہدف ملا۔ حفیظ نے شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر پاکستان کےلئے فتح کا راستہ آسان بنادیا۔ بوم بوم آفریدی ابھی تک پہلے میچ کی اننگ کے خمار سے باہرنہ نکلے اور آتے ہی 7 رنز بنا کر واپس چلے گئے جب کہ کپتان مصباح الحق نے شاندارفارم کوجاری رکھتےہوئے گراؤنڈ میں خوبصورت شارٹ کھیلے۔ عمراکمل اورمصباح الحق نے مل کرٹیم کوفتح دلادی، مصباح نے صرف 43 گیندوں پرناٹ آؤٹ 53 اورعمراکمل نے 19 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 29 رنزبنائے۔ شاندارسینچری بنانے پرمارلن سیموئلزکومین آف دی میچ قراردیاگیا۔ دونوں ٹیموں کےدرمیان فیصلہ کن پانچواں اورآخری ون ڈےمیچ سینٹ لوشیا میں 24 جولائی کوہوگا۔

تبصرے بند ہیں.