پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز اپنے نام کرلی

ہرارے: پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی زمبابوے کو شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی زمبابوے نے ٹاس جیتا اور میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کے ٹاپ آرڈر نے گزشتہ روز کی ناکامی کے بعد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی اننگ کی خاص بات اوپنر احمد شہزاد کے 64 گیندوں پر ناقابل شکست 98 رنز تھے۔ کپتان محمد حفیظ نے 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ناصر جمشید نے 23 رنز اسکور کیے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے شنگی ماساکادزا واحد بالر تھے جنہوں نے 42 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ 180 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے غیرتجربہ کار کھلاڑیوں نے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم وقفے وقفے سےاپنی وکٹیں بھی گنواتے رہے۔ وکٹوں کے گرنے کی وجہ سے مہمان ٹیم درکار اوسط کے ساتھ ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ذولفقار بابر نے 21 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔ واضح رہے کہ ہرارے اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں زمبابوے نے اب تک 8 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں اور اسے تمام میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تبصرے بند ہیں.