پاکستان نے جنوبی افریقا کو 23 رنز سے شکست دیدی

پاکستان نے 3ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ڈیبیو کرنے والے انور علی اور بلاول بھٹی کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث جنوبی افریقا کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز گراؤنڈ میں کھیلے جا نے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 219 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم اننچاسویں اوور میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے بلاول بھٹی اور انور علی نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظٓا ہرہ کیا۔ بلاول بھٹی نے 37 رنز کے عوض 3 جبکہ انور علی نے 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سعیداجمل نے 2 جبکہ محمد حفیظ، شاہد آفریدی اور جنید خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے تجربہ کار جیکس کیلس نے سب سے زیادہ 50 جبکہ جان پال ڈومنی نے 49 رنز اسکور کئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 20 رنز کے ہندسے تک بھ نہ پہنچ سکا۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے قومی ٹیم کو ذمہ دارانہ آغاز فراہم کیا تاہم ناصر جمشید 24 اور احمد شہزار 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ڈیل اسٹین کا شکار بنے اور صرف پانچ رنز ہی بنا سکے، کپتان مصباح الحق 13، صہیب مقصود 22، شاہد آفریدی 26 اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 131 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی 6 وکٹیں گر چکی تھیں اس موقع پر ون ڈے میں نوجوان کھلاڑیوں انور علی اور بلاول بھٹی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ پر 74 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ انور علی نے 43 اور بلاول بھٹی نے 39 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 218 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے مورنی مورکل نے 39 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ انور علی کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.