پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح رواں سال 4.5فیصد پر پہنچ جائیگی، عالمی بینک

اسلام آباد: عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور رواں مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 4.5 فیصد جبکہ آئندہ مالی سال 4.8 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

اس ضمن میں عالمی بینک کی جانب سے گزشتہ روز پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ ’’پاکستان ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ‘‘ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سروسز سیکٹر میں ترقی کی شرح بہت بہتر ہوئی تاہم صنعتی شعبے میں معمولی بہتری آئی جس کے باعث پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہو گا۔

رپورٹ میں کہا گیاکہ گزشتہ چند سال کے دوران پاکستان کے بیرونی شعبے میں کافی بہتری آئی ہے اور پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بہترہوئے ہیں، زرمبادلہ ذخائر پاکستانی درآمدات کے حجم کے پیش نظر انتہائی خطرناک سطح سے بڑھ کر مناسب سطح پرآگئے ہیں، ترسیلات زر کے بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث مالی سال 2014-15 میں جاری کھاتے کا خسارہ 2.6 ارب ڈالر تک محدودہوگیا جوخوش آئند ہے، اس سے پچھلے سال یہ 3.1 ارب ڈالر رہا تھا، ترسیلات زر 18.7ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر آگئیں۔

تبصرے بند ہیں.