پاکستان میں ای کامرس فریم ورک جلد نافذ کیاجائیگا، خرم دستگیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ای کامرس کا فریم ورک جلد نافذ کر دیا جائے گا جس سے بین الاقوامی ہائی ٹیک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔

ملکی سافٹ ویئر کی ایکسپورٹ سے حاصل ہونیوالی آمدنی کو بین الاقوامی ترسیل زر کی کمپنیوں سے پاکستان لانے میں مدد حاصل ہو گی، اس سلسلے میں وزارت تجارت، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سٹیٹ بینک کے افسران پر مشتمل ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے جو انتہائی قلیل مدت میں اس فریم ورک پر اپنی سفارشات پیش کرے گی جسے آئندہ ماہ حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے الیکٹرونک کامرس کے فریم کی تیاری کے لیے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ای کامرس فریم ورک میں کنزیومر رائٹس، تنازعات کے حل، آن لائن اسٹورز اور سپلائی چین کے قیام، آن لائن آرڈر کا تحفظ اور ترسیل زر کی گارنٹی سے متعلق ہدایات شامل ہوں گی، اس سلسلے میں مستقبل میں مناسب قانون سازی بھی کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.