پاکستان شکست کی گہری کھائی میں گرنے سے بچ گیا

جارج ٹاؤن: دورہ ویسٹ انڈیز کے آغاز میں پاکستان شکست کی گہری کھائی میں گرنے سے بچ گیا۔ گیانا کیخلاف وارم اپ میچ میں بمشکل 7رنز سے فتح نصیب ہوئی، سعید اجمل نے5 وکٹیں لے کر ون ڈے سیریز سے قبل ٹیم کا مورال ڈاؤن ہونے کا خطرہ ٹالا، ٹاپ آرڈر بیٹسمین ایک بار پھر اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے، اوپنر احمد شہزاد کے سوا کسی نے نصف سنچری نہ بنائی، شاہد آفریدی31 اور وہاب ریاض 23 رنز کی مزاحمت کے ساتھ مجموعی اسکور 9 وکٹ پر 246 تک لے جانے کا ذریعہ بنے، میزبان ٹیم نے ابتدا میں ڈگمگانے کے بعد نویں اور دسویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی طور پر 69 رنز بناکرگرین شرٹس بولرز کے پسینے چھڑا دیے،مہمان ٹیم نے فیاضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 فاضل رنز بھی دیے، محمد عرفان نے بھی بھرپور فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 3 پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں ناقص ترین کارکردگی پیش کرنے والی پاکستان ٹیم دورئہ ویسٹ انڈیز کے واحد پریکٹس میچ میں گیانا کیخلاف بھی جدوجہد کرتی دکھائی دی، میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی، ناصر جمشید محتاط انداز میں 19 رنز بنانے کے بعد رخصت ہو گئے، انھیں14ویں اوور میں ویرا سیمی پرمول نے بولڈ کیا تو مجموعی اسکور62 تھا، محمد حفیظ نے صرف 11رنز بناکر پر مول کو ریٹرن کیچ دیا، احمد شہزادکی 68 رنز پر مشتمل 116کے ٹوٹل پر تمام ہوئی، دیویندرا بشو کی گیند پر انتھونی بریمل نے اسٹپمپنگ کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا، اوپنر کے آؤٹ ہوتے ہی مڈل آرڈر بھی لڑکھڑانے لگی، مصباح الحق(22) کو اسٹیون جیکبز نے ایل بی ڈبلیو کیا، عمر اکمل 9 رنز بناکر بشو کا دوسرا اور اسد شفیق(22) تیسرا شکار بنے، 160 پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد شاہد آفریدی نے وہاب ریاض کے ساتھ مل کر اسکور209 تک پہنچایا لیکن 31 کے انفرادی اسکور پر چھکا لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے،کامیاب بولر پرمول تھے۔کیون جوزف نے وہاب ریاض(23) اور محمد رضوان(12) کو چلتا کرکے گرین شرٹس کو مسلسل دو نقصانات پہنچائے، عمرامین17 اور عبدالرحمان ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے،ٹیم کا مجموعہ مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 246 تک پہنچ گیا، پرمول27 اور بشو 39 رنز کے عوض 3،3 وکٹیں لے اُڑے، جوزف نے 52 رنز دے کر2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیکبز نے 67 رنز کی پٹائی برداشت کرتے ہوئے ایک وکٹ اپنے نام کی، جواب میں گیانا کا آغاز اچھا نہ تھا، محمد عرفان نے پہلے اوور کی آخری گیند پر انتھونی بریمل کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیے بغیر بولڈ کردیا، طویل قامت بولر نے 18 کے مجموعی اسکور پر ٹریون گرفتھ (15) کی بیلز بھی فضا میں بکھیر دیں، تجربہ کار رام نریش سروان نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتہائی محتاط انداز اپنا لیا،انھوں نے ٹوٹل 72 تک پہنچایا مگر27کے انفرادی اسکور پر عبد الرحمان کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ لیون جانسن (31) کو سعید اجمل نے ایل بی ڈبلیو کرکے میزبان ٹیم کو 109رنز پر چوتھا نقصان پہنچایا، اسپنر نے اسد فدا الدین کو11رنزپر آفریدی کا کیچ بنواکر حریف کو ایک اور کاری ضرب لگائی، بارن ویل (5) محمد عرفان کی وکٹ ثابت ہوئے، کیچ مصباح الحق نے لیا، دیو نارائن کی55 رنز پر مشتمل اننگز کا خاتمہ سعید اجمل کے ہاتھوں ہوا، اس وقت میزبان ٹیم کو 10 اوورز میں 77 رنز درکار جبکہ 3 وکٹیں باقی تھیں، اسی اوور میں پرمول (صفر) نے بھی وکٹ گنوا دی، انھیں سعید نے ایل بی ڈبلیو کیا،اس موقع پر پاکستان کی فتح میں جیکبز اور بشو حائل ہوگئے، دونوں نے نویں وکٹ کی شراکت میں41 بنا کر مہمان بولرز کو خوب پریشان کیا۔ سعید اجمل نے اپنے کوٹے کی آخری گیند کو بھی کار آمد بناتے ہوئے جیکبز(27) کو ایل بی ڈبلیو کردیا، بعد ازاں بشو نے28 رنز کی اننگز کے ساتھ ٹیم کو فتح کے خوب دکھا دیے، مگر اسد علی نے انھیں 239 کے مجموعی اسکور پر بولڈ کرکے پاکستان کو 7رنز سے کامیابی دلا دی، اس وقت اننگز کی2 گیندیں باقی تھیں، میزبان ٹیم کو ہدف کے قریب لانے میں گرین شرٹس بولرز کی طرف سے دیے جانے والے31 فاضل رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا، سعید اجمل نے37 رنز کے عوض5پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، محمد عرفان27رنز کے بدلے میں3 وکٹوں کے ساتھ دوسرے کامیاب بولر بنے،اسد علی اور عبدالرحمان نے ایک ایک پلیئر کو پویلین بھیجا، شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

تبصرے بند ہیں.