پاکستان سے جنگجو شام جارہے ہیں امریکی میڈیا

لندن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں موجود پاکستانی و غیر ملکی جنگجوؤں کی بڑی تعداد نے شام کا رخ کرلیا ہے جبکہ پاکستان نے خبر کی تردید کی ہے۔ امریکی خبرایجنسی کے مطابق یہ جنگجو شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خلاف مصروف عمل باغیوں کا ساتھ دینے پہنچے ہیں۔ رپورٹ میں پاکستانی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ ان جنگجوؤں میں القاعدہ اور طالبان کے ساتھ کالعدم لشکرِ جھنگوی سے تعلق رکھنے والے افرادبھی شامل ہیں۔ ان جنگجووں کے 2 بڑے گروپ ہیں۔ پہلے گروپ میں ازبکستان، ترکمانستان اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے تعلق رکھنے والے وہ لوگ ہیں جو افغانستان میں امریکی افواج کے خلاف سرگرمِ عمل تھے۔ دوسرے گروپ میں پاکستانی طالبان اور کالعدم لشکرِ جھنگوی کے وہ لوگ ہیں جو سیکیورٹی اداروں کی نظر میں آ چکے ہیںاس گروپ میں ایسے دہشت گرد بھی شامل ہیں جو 2009میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی کئی بڑی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ادھر پاکستانی وزارت داخلہ کے ترجمان عمر حمید خان نے بتایا کہ صوبائی حکام ایسی کسی بھی اطلاع کی تردید کرتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.