پاکستان افغانستان میں کسی گروپ کے بجائے حکومت اورعوام کا ساتھ دے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں کسی خاص گروپ کی حمایت کے بجائے وہاں کی حکومت اورعوام کا ساتھ دے گا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں دفتر خارجہ کا دورہ کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بریفنگ دیتے ہوئے موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات اور ان کے تناظر میں خارجہ پالیسی کے خطوط پرروشنی ڈالی،سیکرٹری خارجہ نے وزیر اعظم کو اہم ممالک سے تعلقات کے بنیادی پہلوؤں اور دفترخارجہ کی سفارشات سے آگاہ کیا، دفتر خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کے دوران ہی سرتاج عزیز کے دورہ دورہ افغانستان پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں کسی خاص گروپ کا حامی نہیں، سر تاج عزیز کو واضح پیغام کے ساتھ کابل بھجوا رہے ہیں کہ پاکستان متحدہ افغانستان کا حامی ہے، امن کے لئے اسلام آباد وہاں کی حکومت اور عوام کا ساتھ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک اور اقوام عالم کے ساتھ برابری کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہا ہے، اس لئے نئی سفارتی پالیسی میں معیشت اور تجارت کو خاص اہمیت دی جائے، وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات اور تنازعات پر مذاکرات کی نئی حکمت عملی تیارکرے.

تبصرے بند ہیں.