پاکستانی میڈیا سے نالاں واٹمور طنز کے نشتر چلانے لگے

لاہور: پاکستانی میڈیا سے نالاں ڈیو واٹمور طنز کے نشتر چلانے لگے، ٹیم میں فائٹنگ اسپرٹ نہ لانے والے غیرملکی کوچ اپنے بہادری پر نازاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی نے قوم کو مایوس کیا تو دوسری طرف ناقدین کی توپوں کا رخ کھلاڑیوں کے ساتھ کوچ ڈیو واٹمور کی طرف بھی ہوگیا، سابق آسٹریلوی کرکٹر نے سارا ملبہ میڈیا پر ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خبروں کو بغیر کسی تحقیق کے نشر یا شائع کیا جاتا ہے،گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی کھلاڑیوں کی پریکٹس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں چیف کوچ کے بائیں ہاتھ کی انگلی پر لگی پٹی کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انھوں نے ازراہ مذاق ’’سانپ‘‘ کا لفظ پہلے اردو بعد میں انگریزی میں استعمال کیا۔واٹمور نے کہا کہ فیلڈنگ کے دوران گیند کو پکڑنے کیلیے این سی اے کی شمالی دیوار کی طرف گیا تھا، وہاں کی گھاس میں موجود سانپ نے کاٹ لیا، میڈیا کو یہ خبر بھی بغیر تصدیق کے چلا دینی چاہیے، جب سانپ کے سائز کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ میں فائٹر اور مقابلہ کرنا جانتا ہوں، جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کھلاڑی انٹرنیشنل میچوں میں کیوں بہادری کا مظاہرہ نہیں کرتے تو انھوں نے کہا کہ اس وجہ سے تو میں خود بھی پریشان ہوں،چیمپئنز ٹرافی میں کھلاڑیوں کو فائٹ کرنی چاہیے تھی لیکن وہ ایسا نہ کر سکے جس کا مجھے افسوس ہے۔

تبصرے بند ہیں.