پاکستانی اسٹار کرکٹرز کے بغیر بی پی ایل کا آج آغاز

لاہور: 

پاکستانی اسٹار کرکٹرز کے بغیر بی پی ایل کے پانچویں ایڈیشن کا ہفتے سے آغاز ہوگا، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ڈھاکا ڈائنامائٹس اور سلہٹ سکسرز کے درمیان ہونا ہے، راجشاہی کنگز اور رنگپور رائیڈرز کی ٹیمیں بھی مقابل ہونگی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا پانچواں ایڈیشن ہفتے سے شروع ہورہا ہے جس میں 7 فرنچائزز میں شامل دنیا بھر کے کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائینگے،ایونٹ کے46 میچز ڈھاکا، چٹاگانگ اور سلہٹ کے میدانوں میں کھیلے جائینگے، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ڈھاکا ڈائنامائٹس اور سلہٹ سکسرز کے درمیان ہونا ہے،بعد ازاں راجشاہی کنگز اور رنگپور رائیڈرز کی ٹیمیں مقابل ہونگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کرکٹرز کو پی پی ایل میں شرکت کیلیے18 نومبر سے 13 دسمبر تک کے این او سی جاری کیے ہیں۔

ساتھ ہی اس دوران 11سے 27نومبر تک فیصل آباد میں شیڈول قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی پابندی بھی عائد کردی، ویسٹ انڈیز کا دورہ بھی موقع ہے، اس صورتحال میں سرفراز احمد، محمد عامر، شعیب ملک، حسن علی، فہیم اشرف،بابرا عظم، فخر زمان، عثمان شنواری، جنید خان، شاداب خان ،رومان رئیس اور اسامہ میر کا پی پی ایل کا حصہ بننا دشوار دکھائی دیتا ہے۔

شاہد آفریدی ، مصباح الحق، سہیل تنویر اور محمد سمیع اس پابندی سے آزاد ہیں۔ہفتے کو کھیلے جانے والے میچزمیں پاکستان کے بیشتر اسٹار کرکٹرز نظر نہیں آئیں گے،ڈھاکا ڈائنا مائٹس کو شاہد آفریدی کی ابتدائی دو میچز کیلیے خدمات میسر نہیں، سلہٹ سکسرز کو غلام مدثر خان اور راجشاہی کنگز کو محمد سمیع کا ساتھ حاصل ہوگا۔یاد رہے کہ اس ایونٹ میں پی سی بی کے فیصلے سے زیادہ متاثر کومیلا وکٹورینز ٹیم ہوگی جس کو شعیب ملک، حسن علی، فہیم اشرف اور رومان رئیس جیسے کرکٹرز کی خدمات میسر ہوئیں بھی تو جزوقتی ہونگی۔

تبصرے بند ہیں.