پاک، چین تعاون کو آگے بڑھائیں گے، چینی وزیراعظم

اسلام آباد: صدر زرداری نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو دنیا کیلئے ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ایوان صدر میں چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ صدر زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کی شاندار ترقی سے متاثر ہے اور اقتصادی ترقی کیلئے تعاون پر چین کے شکر گزار ہیں، پاکستانی علاقے تجارت کیلیے بڑی راہ داری ثابت ہوسکتے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا چیئرمین ماؤ، چو این لائی اور وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے خطے میں پاک چین دوستی کیلئے بنیادی کردار ادا کیا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقتدار کی پرامن منتقلی ہورہی ہے اور امید ہے پاکستان کی جمہوری حکومت اس دوستی کو مزید مضبوط کرے گی،، چین کے ساتھ حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین میں متعدد قدریں مشترکہ ہیں، دونوں ممالک کی دوستی نسل در نسل مضبوط ہوئی ہے، وزیر اعظم بننے کے بعد سب سے پہلے پاکستان کا دورہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک میں بے مثالی تعاون موجود ہے اور یہ سلسلہ مزید وسعت اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کا سلسلہ آگے بڑھا سکتے ہیں، چینی وزیر اعظم نے اس موقع پر صدر زرداری اور نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ظہرانے کی تقریب میں چینی وزیر اعظم کو نشان پاکستان کا اعزاز بھی دیا گیا۔ تقریب میں سیاسی اور عسکری قائدین کے علاوہ عمائدین نے بھی شرکت کی۔

تبصرے بند ہیں.