پابندی کی زنجیریں آج شب ٹوٹ جائیں گی

لاہور: سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی کی زنجیریں منگل کی شب ٹوٹ جائیں گی، البتہ فکسنگ کا انمٹ اسپاٹ ہمیشہ برقرار رہے گا، محمد عامر بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے آزاد ہوجائیں گے، نوجوان پیسر کیلیے پی سی بی اور شائقین کے دل میں نرم گوشہ موجود ہے۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے دیگر دونوں کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کو واپسی کا سفر پرخار راستوں سے طے کرنا ہے، فرسٹ کلاس مقابلوں کا حصہ بننے کیلیے بھی اعتماد کی بحالی کے مشکل مراحل سے گزرنا پڑے گا، قومی کھلاڑیوں و سابق کرکٹرز کی مخالفت اور بڑھتی عمروں کی وجہ سے ملک کی نمائندگی کا عزم لڑکھڑانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ میں ایک ہنگامہ برپا کر دیا تھا،28اگست کوکپتان سلمان بٹ، پیسرز محمد آصف اور محمد عامر کی جانب سے دانستہ نوبال کا انکشاف کرنے والا اخبار’’نیوز آف دی ورلڈ‘‘ تو اب دیگر الزامات کی وجہ سے ہمیشہ کیلیے بند کیا جاچکا لیکن کرپشن کی اس داستان کو یادوں میں تازہ کرنے کا سلسلہ آج تک جاری ہے،ناقابل تردید ثبوت ہونے کی بنا پر آئی سی سی نے 2ستمبر کو تینوں کھلاڑیوں کو معطل کیا۔

بعدازاں کیس کی باقاعدہ سماعت کے بعد سلمان بٹ کو 5سال معطل سمیت 10سال پابندی کی سزا سنائی، محمد آصف کو 2سال معطل سمیت 7 برس کی سزا ہوئی، محمد عامر کو 5سال کیلیے کرکٹ سے دور کردیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.