ٹی 20 لیگز کرپشن سے بچانے کیلیے سخت اقدامات کی تجویز

لندن: آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں ٹوئنٹی 20 لیگز کو کرپشن سے بچانے کیلیے سخت اقدامات تجویز کیے جائیں گے، فکسنگ میں ملوث کرکٹرز اور آفیشلز کے سزاؤں سے بچ نکلنے پر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کی تشویش بڑھ گئی، مقابلوں کے میزبان ممالک میں خصوصی قوانین کی تشکیل کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ون ڈے کرکٹ میں فیلڈنگ کی پابندیوں اور دونوں اینڈ سے نئی گیندیں استعمال کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی، بنگلہ دیش کی تیاریاں نامکمل ہونے کے سبب ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی منتقلی کا مطالبہ بھی زور پکڑگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند برس میں میچ اور اسپاٹ فکسنگ کے متعدد اسکینڈلز نے شرفا کے کھیل کا دامن داغدار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حالیہ آئی پی ایل اسکینڈل میں شری شانتھ سمیت 3 بھارتی کرکٹرز کے ملوث ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے اشرفل بی پی ایل میں کرپشن کا اعتراف کرچکے، گزشتہ سال ایک بھارتی چینل نے پاکستانی ندیم غوری سمیت اسٹنگ آپریشن کے ذریعے کرپشن کیلیے رضامند امپائرز کو بے نقاب کیا تھا۔ کرکٹ حلقوں میں ٹوئنٹی 20 لیگز کو کرپشن کا گڑھ قراردیا جا رہا ہے، کھیل کی تطہیر کا عمل تیز کرنے کے مطالبات میں تسلسل کے بعد آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ نے لندن میں جاری سالانہ کانفرنس میں متعلقہ بورڈز کو سخت اقدامات تجویز کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اے سی ایس یو کے سربراہ سر رونی فلینیگن شرکا کو مسائل کی سنگینی کا احساس دلاتے ہوئے ایسا سسٹم وضع کرنے کیلیے کہیں گے جس میں کرپٹ کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلیے بچ نکلنے کے راستے مسددو ہوجائیں۔

تبصرے بند ہیں.