ٹیکس دہندگان کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچانے کی منصوبہ بندی

کراچی / اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی تعداد 13 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ کرنے کے لیے جدیدڈیٹا ویئر ہاؤس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔ یہ بات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین انصر جاوید نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر ملک کے علاوہ دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ٹیکس کلچر کے فروغ سے وابستہ ہے اور ٹیکس بیس کو وسعت دینے سے ملک ترقی کرے گا، ٹیکس نیٹ بڑھانے سے ملکی وسائل میں اضافہ ہوگا اور ملک خود کفیل ہوگا جس سے پاکستان کسی کا محتاج نہیں رہے گا، ملکی وسائل میں اضافے اور ملک کو مالی وسائل میں خود کفیل بنانے کے لیے کاروباری برادری خصوصاً وفاقی چیمبر کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس کے نظام کو سہل بنا رہا ہے جس میں فیلڈ اسٹاف کا عمل دخل کم ہو جائے گا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈیٹا ویئر ہاؤس بنایا جا رہا ہے جس سے ٹیکس گزاروں کی تعداد 13 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے براہ راست رابطے سے ہمارے علم اورکارکردگی میں اضافہ اور انکی توقعات کے مطابق بجٹ بنانے میں مدد ملتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.