ٹیسٹ کرکٹ میں مصباح ’بزرگی‘ کے نئے ریکارڈز قائم کرنے کو تیار

کراچی: ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کرکٹ میں ’بزرگی‘ کے نئے ریکارڈز قائم کرنے کو تیار ہیں، آئندہ ماہ 42 ویں سالگرہ منانے والے بیٹسمین انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں اترے تو میراں بخش کے بعد پہلے طویل العمر پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ مصباح صرف انگلش ٹیم سے ہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز، کیویز اور کینگروز سب سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اگلے ماہ کی 28 تاریخ کو 42 برس کے ہوجائیں گے، وہ 14 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے خود کو تیار کررہے ہیں، اگر مصباح لارڈز میں شیڈول پہلا ٹیسٹ کھیلے تو پھر وہ انگلینڈ کے جان ایمبوری کے بعد 42 برس کی عمر میں ٹیسٹ کھیلنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے، ایمبوری نے آخری ٹیسٹ 1995 میں کھیلا تھا۔ اسی طرح مصباح 42 برس کی عمر میں ملک کی ٹیسٹ کرکٹ میں نمائندگی کرنے والے تیسرے پاکستانی ہوں گے، آخری بار میراں بخش نے 47 سال کی عمر میں 1955 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ مصباح اب تک 61 ٹیسٹ کھیل چکے مگر اس وقت فٹنس اور فارم کے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.