ٹریفک وارڈن سے جھگڑنے پر گرفتار عمر اکمل ضمانت پر رہا

لاہور میں ٹریفک وارڈن سے جھگڑے پر گرفتار عمر اکمل کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ پولیس رویے کے خلاف مداحوں کا تھانہ گلبرک کے باہر احتجاج کرکٹ کٹ جلا دی۔

لاہور:() قومی کرکٹر عمر اکمل کھیل کے میدان میں بھُر پور شارٹس دکھانے کے ماہر تھے لیکن اس بار ٹریفک وارڈن کے ساتھ الجھے تو خود پھنس گئے۔ فرودس مارکیٹ کے قریب ٹریفک وارڈن نے عمر اکمل کو اشارے کی خلاف ورزی کرنے اور فینسی نمبر پلیٹ ہونے پر روکا لیکن اتنی سی بات پر نوجوان کرکٹر برہم ہو گئے۔ پہلے تلخ کلامی ہوئی اور پھر ہاتھا پائی۔ تھانے جا کر پتہ چلا کہ گاڑی کا ایکسائز کا ٹوکن لگا تھا نہ ہی عمر اکمل کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا۔ گلبرگ پولیس نے ٹریفک وارڈن کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے عمر اکمل کو گرفتار کر لیا۔ عمر اکمل کی گرفتاری کی اطلاع ملنے کے بعد ان کے والد اور بھائی بھی تھانہ گلبرگ پہنچ گئے مگر بات نہ بنی۔ کامران اکمل اپنے بھائی کی ضمانت کرانے کے لیے ماڈل ٹاون کچہری گئے لیکن پولیس نے تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے عدالتی وقت گزار دیا۔ عمر اکمل کی گرفتاری کی خبر سن کر اُن کے مداحوں نے پولیس کے رویے کے خلاف تھانے کے باہر احتجاج کیا اور کرکٹ کٹ کو آگ لگا دی۔ بالا آخر بارہ گھنٹے تھانےمیں گزارنے کے بعد کامران اکمل کی تگ ودو اور مداحوں کا احتجاج رنگ لے آیا. ماڈل ٹاون کچہری لاہور میں ڈیوٹی مجسٹریٹ شوکت جاوید کے سامنے کرکٹر عمر اکمل کو پیش کیا گیا اور پولیس نے عمر اکمل کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پولیس کا رویہ ٹھیک نہیں تھا انہوں نے مجھے تششد کا نشانہ بنایا قانونی کار روائی کروں گا۔ اسٹار کرکٹر اپنی گاڑی خود ڈرائیو کر کے تھانے سے گھر روانہ ہو گئے۔

تبصرے بند ہیں.